نیویارک،13اپریل(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹیرش نے جرمنی کے آخم شٹائنر کو اس عالمی ادارے کے ترقیاتی پروگرام کا نیا سربراہ نامزد کر دیا ہے۔ آخم شٹائنر بین الاقوامی سطح پر انتظامی اور ترقیاتی امور کا وسیع تر تجربہ رکھتے ہیں۔نیو یارک سے ملنے والی نیوز ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹوں کے مطابق اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (UNDP) کا نیا منتظم نامزد کیے جانے والے شٹائنر اس سے قبل عالمی ادارے کے ماحولیاتی پروگرام (UNEP) میں بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ ماحولیاتی امور کے ایک ماہر کے طور پر وہ عالمی ماحولیاتی پروگرام کے دائرہ کار کے اندر افریقی ملک کینیا میں اقوام متحدہ کے دفتر کے سربراہ بھی رہے ہیں۔
سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹیرش کی طرف سے منگل گیارہ اپریل کو جاری کردہ ایک خط کی تفصیلات کے مطابق شٹائنر کو یو این ڈی پی کے نئے منتظم کے طور پر ہیلن کلارک کا جانشین مقرر کیا گیا ہے۔ ہیلن کلارک نیوزی لینڈ کی سابق وزیر اعظم ہیں، جو 2009ء میں اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام کی سربراہ بنائی گئی تھیں۔یو این ڈی پی اقوام متحدہ کا ایک ایسا بڑا ذیلی ادارہ ہے، جس کا صدر دفتر امریکی شہر نیو یارک میں ہے اور جس کے دنیا بھر میں منصوبوں کے بڑے مقاصد عالمی سطح پر غربت میں کمی لانا، سماجی ترقی میں اضافہ کرنا اور کسی بھی معاشرے میں خواتین کی عوامی زندگی میں زیادہ فعال اور بااختیار شرکت کو یقینی بنانا ہے۔